Asaan Urdu Pitman Shorthand Stenography Book Pdf Free Download اردو مختصر نویسی آسان اردو شارٹ ہینڈ

0



اردو دنیا کی زندہ و جاوید زبانوں میں بڑی سخت جان ہے اور زندگی کے ہر شعبہ میں ہمارا ساتھ دیتی ہوئی نظر آتی ہے ۔ نئی نئی ایجادات اور بدلتے ہوئے حالات سے کاندھے سے کاندھا ملائی موج حوادث سے گذرتی نظر آتی ہے ۔ مخصوص حالات اور ضروریات نے شارٹ ہینڈ وٹائپ رائٹنگ سے متعارف کرایا تو انگریزی میں پیٹمین کا طریقہ سب سے زیادہ مقبول ہوا اور ان کی باقاعدہ پہلی کتاب ۱۸۳۷ء میں شائع ہوئی اردو شارٹ ہینڈ کے سلسلے میں ۱۹۱۰ میں کرسچن کالج ، لکھنو کی ہشت پہلو شخصیت مرزا ہادی علی رسوا نے ایک کتاب رسالہ اردو شارٹ ہینڈ ، طبع کرا کے اردو میں پہلی مرتبہ اس فن کی با قاعدہ بنیا د رکھی ۔

یہاں یہ بات واضح کرنا مناسب ہوگا کہ اس کتاب کے اصول وضوابط طریقہ پیٹمین کے اصول فونوگرافیہ سے ماخوذ ہیں کیونکہ یہی طریقہ رائج الوقت اور مقبول عام کی سند رکھتا ہے ۔ زیر نظر کتاب اردو شارٹ ہینڈ ایک طالب علم کی حیثیت سے پیش کی جارہی ہے ۔

 اس  میں  مزید تحقیق اور  اصلاح کی گنجائش بہر کیف باقی ہے ۔



سارے جہاں میں اردو کی دھوم ہو یا نہ ہو لیکن اتنا ضرور ہے کہ اردو میں اپنا ایک بانکپن ، شیرینی، لطافت اور اپنی انفرادیت ہے جو اسے دوسری زبانوں سے ممتاز کرتی ہے اس کی یہ انفرادیت اس کے رسم الخط میں بھی نظر آتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی ٹائپ اور شارٹ ہینڈ کے سلسلے میں وہ کامیابی نہیں مل پائی ہے جو دوسری زبانوں کی شارٹ ہینڈ وٹائپ کو ملی ۔ آج بھی اردو ٹائپ سے زیادہ کتابت پر انحصار کرتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ اردو رسم الخط میں اس کی گنجائش نہیں ۔ اس کا سب سے بڑا سبب یہی ہے کہ اہل فکر و نظر نے اس طرف توجہ ہی کم دی ہے ۔ اس پہلو پر کم سوچا ہے اور کم لکھا ہے ۔



اس موضوع پر جن لوگوں نے جگر سوزی اور جگر کا دی کی ہے ان میں سید را شد حسین کا نام سر فہرست ہے ۔ دور طالب علمی ہی سے وہ اس موضوع پر کچھ نہ کچھ لکھتے رہتے ہیں اور خوب سے خوب تر کی تلاش میں لگے رہے ہیں ۔ ان کی یہ جستجو انھیں " رہنما اردو مختصر نویسی" سے " آسان اردو شارٹ ہینڈ ، تک لے آتی ہے ۔ ان دونوں کے درمیان اس موضوع پر راشد کے کئی مضامین  اس بات کا پتہ دیتی ہیں کہ راشد اس موضوع پر سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کے عادی ہیں ۔


زیر نظر کتاب  آسان اردو شارٹ ہینڈ سائنسی اصولوں پر مرتب کی گئی ہے ۔ اس میں آسان سے مشکل کی طرف چلنے کے اصول کو اپنا یا گیا ہے ۔ خشک اور بے کیف موضوع کو راشد نے اس دلکش انداز سے پیش کیا ہے کہ عام مبتدی بھی اسے آسانی سے سمجھ لے ۔ بالفاظ دیگر کتاب کے تمام اسباق سادہ سلیس ، عام فہم اور رواں دواں اسلوب میں سائنسی انداز سے پیش کئے گئےہیں ۔

Urdu Pitman Shorthand Stenography

جہاں تک کتاب کا سوال ہے سہولت کے پیش نظر اسے ہم چھ حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں پہلا حصہ نظری (تھیوری ) ہے جو چالیس اسباق پر مشتمل ہے ۔ جس میں راشد نے سب سے پہلے شارٹ ہینڈ کی اہمیت و افادیت بیان کی ہے۔ اس کے بعد مبتدیوں کے لئے ضروری ہدایات دی گئی ہیں جن پر عمل کر کے اس فن کو جلد ہی سیکھا جا سکتا ہے ۔ ہدایات کے بعد شارٹ ہینڈ میں استعمال کی جانے والی علامات کا تفصیلی چارٹ بعنوان (شکل علامات حروف مختصر نویسی پیش کیا گیا ہے املا اور تلفظ پر بھی سیر حاصل بحث کی گئی ہے کتاب کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ہر باب کے بعد مبتدیوں کے لئے مشق بھی دی گئی ہے جس کی ترتیب میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ ذخیرہ الفاظ اتنا وسیع ہو کہ کاروباری اور دفتری تقاضوں کو پورا کر سکے ۔ ہر باب میں رموز کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سابقے اور لاحقے کے اصول وضوابط کو بھی دلنشیں انداز میں سمجھایا گیا ہے۔


دوسرے حصے میں مصنف نے تقریبا ایک ہزار مشکل الفاظ اور اس کی شارٹ ہینڈ کو لفٹ کے اصول کے تحت ترتیب دیا ہے ۔ جس کی وجہ سے کتاب کی اہمیت وافادیت میں اور بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔ تیسرا حصہ متفرق مشقوں پرمشتمل ہے مزید کتاب میں امتحانی پرچے بطور نمونہ پیش کر کے مصنف نے کتاب کو امتحانی زاویہ نگاہ سے بھی اہم بنا دیا ہے ۔ آخری حصہ گو یا کتاب میں دی گئی مشقوں کی کلیدہے ۔ جس میں مصنف نے کتاب میں دی گئی مشقوں کا حل پیش کیا ہے ۔ مختصرا ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس کتاب میں وہ تمام خوبیاں اور اوصاف موجود ہیں جن سے ہر شخص آسانی سے اردو شارٹ ہینڈ سیکھ سکتا ہے اور اگر ہم یہ کہیں کہ اس کتاب نے اس خلا کو پر کیا ہے جو اردو شارٹ ہینڈ کے موضوع پرعرصے سے موجود تھا تو شاید غلط نہ ہوگا ۔


امید ہے کہ اردو شارٹ ہینڈ میں یہ کتاب ایک اضافے کی حیثیت سے نہ سہی افہام و تفہیم اور مشکلات دور کرنے میں ضرور معاون ثابت ہوگی ۔

کتاب ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے بٹن پر کلک کریں۔




Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)